ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈی کے شیوکمار کے گھر پر وزراء کا اجلاس، کابینہ میں توسیع اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت

ڈی کے شیوکمار کے گھر پر وزراء کا اجلاس، کابینہ میں توسیع اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت

Fri, 05 Oct 2018 00:05:43    S.O. News Service

بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی کابینہ میں ردوبدل اور قلمدانوں کی تبدیلی کے ساتھ ایک دو وزراء کی برطرفی کے اشاروں کے درمیان آج سینئر کانگریس لیڈر اور وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے ریاست کے سبھی وزراء کو اپنی رہائش گاہ پر ناشتے کی دعوت کا اہتمام کیا ۔

بتایاجاتاہے کہ میٹنگ کے دوران لوک سبھاانتخابات کی تیاریوں اور ان انتخابات میں جے ڈی ایس سے مفاہمت کے موضوع پر بات چیت کے ساتھ ریاستی کابینہ میں ممکنہ توسیع کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کو ریاستی کابینہ میں توسیع کے لئے مکمل اختیارات دئے جانے سے ناراض ان وزراء نے پارٹی اعلیٰ کمان پر دباؤ ڈالنے کے لئے اس میٹنگ کا اہتمام کیا، جس میں کم وبیش سبھی وزراء موجود تھے، لیکن حال ہی میں بلگاوی میں پارٹی کے خلاف بغاوت کا پرچم بلند کرنے والے رمیش جارکی ہولی جنہیں سدرامیا کا دست راست بھی سمجھا جاتا ہے میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ اور سدرامیا بھی میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ میٹنگ میں غیر حاضر رہنے پر سدرامیا اور دنیش گنڈوراؤ سے متعدد وزراء نے ناراضگی ظاہر کی تاہم ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ اس دعوت کا اہتمام سدرامیا کی ہدایت پر ہی کیاجارہاہے، خود ا نہوں نے یہ ہدایت دی ہے کہ ہر وزیر کے گھر پر اس طرح کی دعوت کا اہتمام وقتاً فوقتاً کیاجائے۔

12؍اکتوبر کوریاستی کابینہ میں توسیع کے متعلق میٹنگ میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے وزراء کے لئے دعوت کا اہتمام ڈاکٹر جی پرمیشور کی رہائش گاہ پر ہوا تھا ، اب میری رہائش گاہ پر ہورہا ہے، آئندہ آر وی دیش پانڈے کے گھر پر ہوگا۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے بارے میں انہوں نے کہاکہ کابینہ میں توسیع کو بہت پہلے ہی انجام دیاجانا چاہئے تھا، لیکن اب اعلیٰ کمان کی منظوری کے ساتھ اس کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 12؍ اکتوبر تک اگر جمکھنڈی اور رام نگرم اسمبلی حلقوں کی تاریخوں کا اعلان ہوجاتاہے تو ریاستی کابینہ میں توسیع مزید ٹل سکتی ہے۔ اگر تاریخ کا اعلان نہیں ہوا تو کابینہ میں توسیع ضرور کردی جائے گی۔ اس دوران میٹنگ میں موجود بیشتر کانگریس وزراء نے وزیراعلیٰ کی طرف سے کئے جارہے سرکاری افسروں کے تبادلوں پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزراء کواعتمادمیں لے کر اگر تبادلے کئے جائیں تو اس سے انتظامیہ کو بھی موثر بنایا جاسکتاہے۔ میٹنگ کے دوران خود نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور نے بھی تبادلوں کے متعلق وزیراعلیٰ کمار سوامی اور جے ڈی ایس کے رویے پر اپنی بے بسی کا اظہار کیا۔ اور کہاکہ محکمۂ پولیس میں انہوں نے جن افسروں کی تعیناتی کی ہدایت دی تھی ان افسروں کی تعیناتی نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں ان تمام موضوعات پر اختلافات کا ہونا فطری بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو اسمبلی حلقوں کے لئے ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں رام نگرم حلقے میں کانگریس نے جے ڈی ایس کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جمکھنڈی میں جے ڈی ایس نے اپنا امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ میں 14وزراء ،کے پی سی سی کارگزار صدر ایشور کھنڈرے، رکن پارلیمان ڈی کے سریش ، رکن اسمبلی تکا رام اور دیگر موجود تھے۔


Share: